ہوم / انٹرویوز / محمد عباس نے بڑاخواب آنکھوں میں سجالیا

محمد عباس نے بڑاخواب آنکھوں میں سجالیا


لارڈز ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاکر شہرت پانے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے اپنی آنکھوں میں بڑا خواب سجالیاہے جو آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں نمبرون پوزیشن پانے کا خواب ہے۔

محمد عباس کا کہنا ہے کہ لارڈ ز کی کارکردگی پر اللہ کا شکر گزار ہوں، لارڈز میں کھیلنا ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے ، پہلا مین آف دی میچ ایوارڈاسی تاریخی گرائونڈ میں ملنے پر فخر ہے،لارڈز میں کارکردگی زندگی بھر یاد رہے گی ۔

اپنے تازہ انٹرویومیں اُبھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عباس کا کہناہے کہ دُنیاکے بیس بہترین بولروں میں شامل ہونے پر خوشی ہے تاہم میرا خواب ہے کہ میں طویل فارمیٹ کا نمبرون بولر بنوں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔ اپنی بہترین کارکردگی کو چیلنج کے طورپر لیتا ہوں، کارکردگی کو چیلنج لے کر کامیاب بھی ہوتا ہوں۔

محمد عباس کا کہناتھا کہ لارڈز کی طرح پاکستان کو لیڈ ز ٹیسٹ بھی جتوانا چاہتا ہوں، انگلینڈ کیخلاف سیریز کا بہترین کھلاڑی بننے کی خواہش بھی ہے۔مجھے اپنی بولنگ کی اصل قوت کا اندازہ ہے ، ایک لائن میں رہ کر بولنگ کرتا ہوں۔ ٹور میچوں سے انگلینڈ ، آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میںبہت فائدہ ہوا،پریکٹس میچوں کی وجہ سے ڈبلن اور لارڈز میں کامیابی ملی۔

ایک سوال کے جواب میں محمد عباس نے بتایا کہ عظیم بولر وسیم اکرم نے لیفٹ ہینڈربیٹسمینوں کوآئوٹ کرنے کاگر بتایا۔ مختصر فارمیٹ میں موقع ملا تواچھی کارکردگی دکھا ئو ں گا، میرے لیے بڑا چیلنج فٹنس پر کام ہے ، محنت کرکے فٹنس مسائل سے بچا جاسکتاہے ،فٹنس اچھی ہوگی تو ہر فارمیٹ آسان ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ محمد عباس کو تاحال پاکستان کی جانب سے صرف ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ہی موقع مل سکاہے۔ انہیں فی الوقت ون ڈے اور ٹوئنٹی20انٹرنیشنل کرکٹ میں نہیں آزمایا گیا۔وہ اب تک پاکستان کی جانب سے سات ٹیسٹ میچوںمیں چالیس وکٹیں لے چکے ہیں


Facebook Comments

error: Content is protected !!