ہوم / پی ایس ایل 2019ء / اسلام آبادیونائیٹڈ نے کراچی کنگزکو ناک آئوٹ کردیا

اسلام آبادیونائیٹڈ نے کراچی کنگزکو ناک آئوٹ کردیا


دفاعی چیمپئن اسلام آبادیونائیٹڈ نے پہلے ایلمنٹر میچ میں کراچی کنگزکو چار وکٹوں سے شکست دے کر اُسے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔اب فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے دوسرے ایلمنٹر میچ میں کل اسلام آبادیونائیٹڈ اور پشاورزلمی میں مقابلہ ہوگا۔

پہلے ایلمنٹر میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عمادوسیم نے ٹاس جیت کرپہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاجو اُس وقت درست ثابت ہوتا دکھائی دیا جب بابراعظم اور کولن منرو نے 3.3اوورزمیں اپنی ٹیم کو 52رنزکا جارحانہ آغازفراہم کیا۔اس موقع پر محض گیارہ گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 32رنزبنانے والے کیوی اوپنر کولن منرو محمد موسیٰ کی گیندپر وکٹ کیپر لیوک رونکی کو کیچ دے بیٹھے۔

بعدازاں بابراعظم اور لیونگ اسٹون نے ففٹی رنز کی شراکت قائم کرکے گیارھویں اوورکے دوران ہی ٹیم کے سورنز مکمل کرادئیے۔اس موقع پر کراچی کنگزکا اسکورتیزی سے آگے بڑھ رہاتھا جو 200 سے بڑامجموعہ سیٹ کرنے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی۔بعدازاں شاداب خان نے لیونگ سٹون کو فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ کراکر کراچی کنگز کے اسکورنگ ریٹ کو کم کرنے کی کوشش کی۔لیونگ اسٹون 25گیندوںپر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 30رنزبناکر آئوٹ ہوئے۔جس کے بعد اگلے اوورمیں کراچی کنگز کے ٹاپ اسکورربابراعظم بھی آئوٹ ہوگئے جو چار چوکوں کی مدد سے 32گیندوں پر 42رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

بعدازاں کراچی کنگز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رُک سکا۔کولن انگرام نے سولہ گیندوں پر 23جبکہ کپتان عمادوسیم نے پندرہ گیندوں پر ناقابل شکست13*رنزبناکر اپنی ٹیم کو 161/9کا مجموعہ دلایا۔پہلے دس اوورزمیں صر ف ایک وکٹ کے نقصان پر 100رنزبنانے والی کراچی کنگز کی ٹیم اگلے دس اوورزمیںآٹھ وکٹیں گنواکر صرف 61رنزبناسکی۔اسلام آباد یونائیٹڈکی جانب سے محمدموسیٰ نے تین،فہیم اشرف نے دو جبکہ رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

162رنزکے ہدف کے تعاقب میں اسلام آبادیونائیٹڈکو تیسرے اوورمیں19کے مجموعے پر لیوک رونکی وکٹ گنوانا پڑی جو پانچ رنزبنانے کے بعد عامر یامین کا شکار بنے۔اس موقع پر کیمرون دلپورٹ اور الیکس ہیلز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ اوورزمیں اپنی ٹیم کا مجموعہ 63/1تک پہنچادیا۔بعدازاں اگلے اوورمیں نوجوان اسپنر عمر خان نے 27گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مددسے 38رنزبنانے والے اوپنر کیمرون دلپورٹ کے علاوہ اُن کی جگہ آنے والے چدوِک والٹن کو کوئی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر میدان بدرکیا تو کراچی کنگزکی ٹیم میچ میں واپس آگئی۔

اس موقع پرالیکس ہیلز اور حسین طلعت نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے وکٹیں گرنے کا سلسلہ روکتے ہوئے اسکورکوبھی آگے بڑھایا۔ بعدازاں سولہویں اوورمیں الیکس ہیلز عامریامین کا شکار بنے تو اسلام آبادکا مجموعہ 114رنز تک پہنچ چکاتھا۔ہیلز نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 41رنزبنائے۔ اگلے اوورمیں حسین طلعت بھی عثمان شنواری کا شکار بن گئے جو 19گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 32رنزبنانے میں کامیاب رہے۔

اس موقع پر اسلام آبادیونائیٹڈ کو 12رنز فی اوورکے رن ریٹ سے33 رنز درکار تھے جو آصف علی اور فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت تین گیندیں قبل ہی بن گئے۔فہیم اشرف آٹھ گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 17رنزبناکر آئوٹ ہوئے جبکہ آصف علی نے دس گیندوں پر دو چھکوں کی مددسے 20*رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

کراچی کنگزکی جانب سے عامریامین اور عمرخان نے دو،دو جبکہ محمد عامر اور عثمان شنواری ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

دیگر اہم اسٹوریاں پڑھیں


Facebook Comments

یہ متعلقہ مواد بھی پڑھیں

مکی آرتھر نے عمرخان کو ٹیم میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی

پاکستان سپر لیگ میںکراچی کنگز کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھانے والے 19سالہ عمر خان …

error: Content is protected !!