ہوم / تجزیئے و جائزے / امام الحق ’’پرچی‘‘کے ہیش ٹیگ سے جان چھڑانے کیلئے کوشاں

امام الحق ’’پرچی‘‘کے ہیش ٹیگ سے جان چھڑانے کیلئے کوشاں


قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے میں صلاحیت ہے یا نہیں؟ اس کے بارے میں بحث بیکار ہے کیونکہ وہ کس فارمیٹ میں کھیل سکتے ہیں اور کہاں نہیں اس کا اندازہ ان کے ریکارڈز کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے لیکن ان کا رویہ خاصا بدتر اور سمجھ میں نہ آنے والا ہے جس پر شاید انضمام الحق نے کبھی توجہ دینے کی کوشش ہی نہیں کی کہ ’’جونسا‘‘ان کا بھتیجا مسلسل اپنے گرد تنقید کی دیوار موٹی کرتا جا رہا ہے اور کوئی اسے سمجھانے والا نہیں ہے۔

کیریئر کا بیشتر حصہ انضمام الحق سے تعلق کی تنقید کاجواب دینے والے پلیئر نے حال ہی میں ایک ایسی حرکت کر ڈالی کہ جس کی وجہ سے دیکھنے والوں کے منہ کا ذائقہ خراب ہو گیا۔پی ایس ایل فور کے فائنل میں امام الحق نے شین واٹسن کے ساتھ منفی رویہ اختیار کرنے پر معافی مانگ لی جو ’’پرچی‘‘کے ہیش ٹیگ سے جان چھڑانے کیلئے کوشاں ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر ان کا مذاق اُڑانے کے ساتھ ان پر کڑی تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں امام الحق نے واضح کیا کہ فائنل کے دوران پیش آنے والا واقعہ ماحول کی گرمی کے زیر اثر تھا لیکن وہ شین واٹسن کے ساتھ نامناسب رویہ پر معذرت کرتے ہیں۔ امام الحق نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت اور شین واٹسن کو مین آف دی سیریز ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف فائنل بلکہ پورا ایونٹ بہت زبردست رہا لیکن ان کے یہ الفاظ شاید اس حرکت کا مداوا کر ہی نہیں سکتے جب انہوں نے اخلاقیات کادامن چھوڑ کر خود کو نمایاں کرنے کیلئے ایک منفی قدم اُٹھایا۔

واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی بیٹسمین شین واٹسن جب رن آؤٹ ہوئے تو پشاور زلمی کے امام الحق نے انہیں ہاتھ کے اشارے سے پویلین جانے کا اشارہ کیا جس پر دونوں پلیئرز کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ میچ ریفری اور امپائرز نے اس جانب توجہ دینے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کی کیونکہ امام الحق کیخلاف اایکشن لینا بہت سے لوگوں کیلئے ممکن ہی نہیں ہے۔

مہمان کھلاڑی سے نامناسب رویہ دیکھتے ہوئے شائقین نے امام الحق کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور اس حوالے سے ’’پرچی‘‘کے عنوان سے ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرتا رہااور کھیل کے شائقین نے چیف سلیکٹر کے بھتیجے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب لتاڑا۔

شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ امام الحق کا رویہ غیر ملکی مہمان کے ساتھ قابل قبول نہیں تھا کیونکہ جب کوئی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند نہیں تھا تو بیرون ملک سے آنے والے کرکٹرز نے ٹورنامنٹ کو رونق اور عزت بخشی اور انہیں اس طرح بے عزت کرنے پر پی سی بی کو امام الحق کیخلاف سخت ایکشن لینا چاہئے جس پر امام الحق کو معذرت کرنا پڑی لیکن لوگوں کا دل ٹھنڈا نہیں ہوا کیونکہ ایک صارف نے ٹوئٹ کیا کہ امام الحق کا چچا چیف سلیکٹر ہے، اس کا کوئی کیا بگاڑ سکتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ کے مداح اس رشتے داری کو ہضم نہیں کر سکے ہیں ۔

شین واٹسن کے ساتھ منفی حرکت کے بعد میدان میں موجود شائقین نے بھی امام الحق کیخلاف نعرے لگائے تو حیران کن طور پر بائیں ہاتھ کے بیٹسمین اسے تماشائیوں کی جانب سے شاباش سمجھ بیٹھے تاہم جب اصل معاملہ سمجھ آیا تو انہوں نے ہاتھ جوڑ کر شائقین سے چپ رہنے کی درخواست کی اور یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ آخرکار کب تک اپنے کئے کی معافیاں مانگتے رہیں گے اور کتنے عرصے میں لوگ انہیں قبول کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

دیگر اہم اسٹوریاں پڑھیں

 


Facebook Comments

یہ متعلقہ مواد بھی پڑھیں

ورلڈکپ سے قبل پاکستان ٹیم کی بڑی خامی دُورکریں گے: ہیڈکوچ

پاکستان کرکٹ ٹیم کی یو اے ای میں آسٹریلیا ٹیم کیخلاف پانچ صفر سے ناکامی …

error: Content is protected !!